حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لاہور/ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے جامع علی مسجد حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر ماڈل ٹاون میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ قرآن مجید انسان کو عروج پر پہنچانے کے لیے نازل ہوا ۔اگر مسلمان قرآن کی تعلیمات پر عمل کرتے تو آج سپر پاورہوتے اور دنیا بھر میں حکمرانی کر رہے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا قرآن مجید انسان کی ہر احتیاج کو پورا، اور اس کی روحانی اور جسمانی دونوں بیماریوں کا علاج کرتا ہے کیونکہ قرآن میں ہر مسئلہ اور پریشانی کاحل موجود ہے ،چوتھے تاجدار امامت حضرت امام زین العابدین علیہ السلام فرماتے ہیں کہ جب آپ تنہا ہوں اور کوئی مونس ومددگار نہ ہو توقرآن کھول لیں،اللہ تعالیٰ کا کلام تمہارا بہترین مونس و مددگار ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ تورات تک تمام لوگوں کی رسائی نہیں تھی، انجیل میں فقط وعظ و نصیحت کی باتیں تھیں لیکن قرآن ایسی کتاب ہے جو انسان کو اوج تک پہنچانے کے لیے نازل ہوئی ، انسان کا کمال اس میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسان اگر دیکھنا چاہے کہ میں کیسا ہوں تو وہ دیکھے کہ میرا لوگوں کے ساتھ رابطہ اور سلوک کیسا ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ ایک انسان جتنا لوگوں کے لیے مفید ہے، اس کی قیمت اتنی ہی زیادہ ہے ۔بس یہ دیکھیں کہ میرا وجود دوسروں کے لیے کتنا مفید ہے،بس اتنی ہی زیادہ اس کی قیمت ہے۔حافظ ریاض نجفی نے کہا ہر انسان اپنے لئے تو کچھ نہ کچھ کر لیتا ہے، اصل لطف اس میں ہے کہ انسان دوسروں کے لیے کچھ کرے۔انہوں نے کہا کہ جب کوئی حاجت مند آپ کے پاس آئے تو کوشش کریں اس کی حاجت روا بنیں ، تھوڑا دینا نہ دینے سے بہتر ہے، یاد رکھیںانسان کی قیمت اس کے احسانات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کل بیماریوں سے ہر کوئی پریشان ہے اور اس کی وجہ ہماری ناقص خوراک ہے اگر آپ اپنی خوراک قرآن اور فرامین اہل بیت علیہم السلام کے مطابق کر لیں گے تو ہمیشہ تندرست رہیں گے۔حقیقت تو یہ ہے کہ آج کی خوراک بھی مغرب زدہ ہے جس نے انسان کی عمر 20 سے25 سال کم کردی ہے ،ہماری زندگی قرآن مجید میں ہے، بلکہ اپنی مرضی کی زندگی ہے۔










آپ کا تبصرہ